نئی دہلی، 26؍فروری (ایس او نیوز؍ایجنسی)کانگریس کے سینئر لیڈر اور راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر ملک ارجن کھرگے نے بی جے پی صدر جے پی نڈا کے بیان پر سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
نڈڈا نے ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کے درمیان کہا تھا کہ بی جے پی پانچ میں سے چار ریاستوں میں واپسی کرنے جا رہی ہے۔ یوپی میں اس بار بی جے پی کی سیٹیں 300 سے زیادہ ہوں گی۔ اس پر ملک ا رجن کھرگے نے کہا کہ بی جے پی مونگیری لال کے سپنے خواب دیکھ رہی ہے۔ بی جے پی کو حقیقت کا پتہ چل جائے گا جب 10 مارچ کو انتخابی نتائج سامنے آئیں گے۔ کھرگے نے پرینکا گاندھی اور مہاراشٹر میں ای ڈی کی کارروائی سے متعلق نڈا کے بیان کا بھی جواب دیا۔
جے پی نڈا نے کہا تھا کہ جن پانچ ریاستوں میں انتخابات ہو رہے ہیں، ان میں بی جے پی ایک بار پھر حکومت بنائے گی۔ ان کے مطابق جن ریاستوں میں اس وقت بی جے پی برسراقتدار ہے،وہاں حکومت مخالف کوئی چیز نہیں ہے۔نڈا کے”بی جے پی یوپی میں 300+ سیٹیں جیتنے جا رہی ہے“ والے بیان پر، کانگریس لیڈر ملک ارجن کھرگے نے کہا کہ بی جے پی کو مونگیری لال کے حسین سپنے دیکھنا چھوڑ دینا چاہئے۔ملک ارجن نے کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی کے بارے میں جے پی نڈا کے بیان پر بھی ردعمل ظاہر کیا۔
انہوں نے کہا کہ پرینکا گاندھی سے بی جے پی ڈرتی ہے، اس لیے نڈا ایسی بات کر رہے ہیں۔کانگریس کے سینئر لیڈر کھرگے نے الزام لگایا کہ ای ڈی چنندہ طریقہ سے اپوزیشن کے لیڈروں کو نشانہ بنا رہی ہے۔ ان کا یہ بیان مہاراشٹر میں وزیر نواب ملک کی گرفتاری کے تناظر میں ہے۔ نواب ملک کی گرفتاری پر انٹرویو میں جب جے پی نڈا سے پوچھا گیا،تو انہوں نے کہا کہ ای ڈی ایک آزاد ادارہ ہے۔ گرفتاری کے بعد عدالت نے نواب ملک کا ریمانڈ دے دیا ہے، اگر کسی کو کچھ غلط لگتا ہے تو اُنہیں عدالت جانا چاہیے-